شوہر گنجا کیوں ہے،نئی نویلی دلہن تھانے پہنچ گئی

لاہور (ملتان ٹی وی ایچ ڈی۔ 03 نومبر2020ء) جانے انڈوپاک میں گنج پن سے لوگ اتنا خوف کیوں کھاتے ہیں۔ایک تو آج کل تیس سال کے نوجوانوں میں گنج پن کی شکایت بڑھتی جا رہی ہے اور میڈیکل شعبے میں بھی اب تک کی ہونے والی تحقیق کے مطابق اس کا واحد حل ٹرانسپلانٹ ہی بتایا گیا ہے جس کے سائیڈ افیکٹ زیادہ ہونے کے ساتھ ساتھ علاج پر لاگت بھی بہت زیادہ آتی ہے۔
تاہم گنجے شخص کا ہر کوئی مذاق اڑاتااور طنز کرتا نظر آتا ہے۔یہاں تک کہ کسی لڑکی کو پتا چل جائے کہ جس سے اس کی شادی ہونے جا رہی ہے وہ گنجا ہے تو وہ شادی کرنے سے ہی انکار کر دیتی ہیں۔ایسی ہی ایک خبر پڑوسی ملک بھارت سے آئی ہے جہاں دھوکا دہی سے لڑکی کی شادی ایسے لڑکے سے ہو جاتی ہے جو کہ گنجا ہے۔لہٰذا دلہن اس کے خلاف رپورٹ کرنے تھانے چلی جاتی ہے۔
بھارتی اخبار کے مطابق ممبئی سے تعلق رکھنے والی 27 سالہ نوبیاہتا دلہن نے نیا نگر تھانے میں اپنے شوہر کے خلاف دھوکا دہی کی شکایت درج کروائی ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق خاتون نے موقف اختیار کیا ہے کہ گزشتہ ماہ اس کی شادی نجی کمپنی کے ایک 29 سالہ ملازم سے ہوئی۔خاتون کا کہنا ہے کہ شادی کا ایک ماہ گزرنے کے بعد اسے یہ جان کر شدید صدمہ پہنچا کہ اس کا شوہر وگ پہنتا ہے اور اس نے شادی سے قبل اپنے گنج پن کے بارے میں اسے آگاہ نہیں کیاتھا۔
مقدمہ درج کروانے کے لیے دی گئی درخواست میں خاتون نے موقف اختیار کیا ہے کہ اگر اسے شادی سے قبل معلوم ہوتا کہ یہ شخص گنج پن کا شکار ہے تو وہ کبھی اس شادی کے لیے آمادہ نہیں ہوتی۔بھارتی اخبار کے مطابق خاتون کے شوہر نے ضمانت قبل از گرفتاری کے لیے کوشش شروع کردی ہے تاہم اس سے قبل اسے خود کو پولیس کے حوالے کرنا ہوگا۔ خاتون کی درخواست پر درج کی گئی ایف آئی آر میں فوجداری قانون کی دھوکا دہی اور ہتک عزت کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *