جنگ وہاں لیکر جائیں گے جہاں سے خطرہ پیدا ہورہا ہے‘ اجیت دوول کی دھمکیاں

نئی دہلی (ملتان ٹی وی ایچ ڈی۔ 26 اکتوبر2020ء) بھارت کے مشیر برائے قومی سلامتی اجیت دوول نے پاکستان اور چین کو دھمکی دی ہے کہ بھارت کی سیکیورٹی کے لیے خطرہ بننے والوں کے خلاف جنگ ان ممالک کی سرزمین تک لے جائیں گے جہاں سے یہ خطرات سر اٹھارہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق نئی دہلی میں تقریب سے خطاب میں اجیت دوول نے کہا کہ بھارت نے پہلے کبھی حملہ نہیں کیا بلکہ ہمیشہ اپنے دفاع میں کارروائی کی ہے ، بھارت سیکیورٹی کے لیے خطرہ بننے والوں سے اپنی سرزمین پر تو لڑے گا ہی بلکہ اس کے ساتھ ساتھ یہ جنگ ان ممالک کی سرزمین تک لے جائیں گے جہاں سے یہ خطرات سر اٹھارہے ہیں۔

دوسری طرف وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے اہم سوالات اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ کیا بھارتی مشیر برائے قومی سلامتی اجیت دوول کی ہائیبرڈ واراوردہشت گردی کی دھمکی اتفاقیہ ہے؟ کیا اجیت دوول کی اس دھمکی کے وقت اویس نورانی کا بلوچستان سےعلیحدگی کی بات کرنااتفاق ہے؟ کیا مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا جبری گمشدگی کے بارے میں دریافت کرنا کوئی اتفاق کی بات ہے؟ کیاعین اسی وقت سابق وزیراعظم نواز شریف کی طرف سے فوج میں بغاوت کے بیج بونا اتفاق ہے؟ کیا بھارتی این ایس اے اورپی ڈی ایم کاایک ہی موقف آنامحض اتفاق ہے؟۔

یاد رہے کہ اس سے قبل بھارت کو عالمی سطح پر ایک اور شکست کااس وقت سامنا کرنا پڑا جب سیکیورٹی ایڈوائزرز کےاجلاس میں اجیت دوول کا پاکستان کے سیاسی نقشے پر اعتراض مسترد کردیا گیا ، شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے سیکیورٹی ایڈوائزرز کا آن لائن اجلاس ہوا ، جس میں پاکستان کی نمائندگی وزیراعظم عمران خان کے سکیورٹی ایڈوائزر معید یوسف نے کی ، معید یوسف نے ویڈیو لنک اجلاس کے دوران پس منظر میں نیا نقشہ لگایا ہوا تھا جس پر بھارتی مشیرقومی سلامتی اجیت دوول کی طرف سے پاکستان کے سیاسی نقشے پر اعتراض کیا گیا تاہم اس موقع پر شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک نے کشمیر سے متعلق پاکستانی مؤقف کی تائید کردی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *