صدر ٹرمپ کو طبیعت خراب ہونے پر ہسپتال میں داخل کردیا گیا

صدر ٹرمپ کو سانس لینے میں دشواری پر ہسپتال میں داخل کردیا گیا ان کا علاج وائٹ ہاﺅس میں کیا جارہا تھا ان کی حالت خراب ہونے پر واشنگٹن کے ملٹری ہسپتال منتقل کیا گیا

واشنگٹن(ملتان ٹی وی ایچ ڈی ۔03 اکتوبر ۔2020ء) صدارتی انتخابات سے ایک ماہ قبل کورونا بیماری میں مبتلا امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بہتر علاج کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے وہ فیس ماسک لگا کر خود چلتے ہوئے ہیلی کاپٹر میں سوار ہوئے اس سے قبل ان کا وائٹ ہاﺅس ہی میں علاج شروع کردیا گیا تھا. امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق صدر ٹرمپ آئندہ چند روز ملٹری ہسپتال میں ہی زیر علاج رہیں گے جہاں سے وہ صدارتی امور بھی انجام دیتے رہیں گے وائٹ ہاﺅس کے مطابق صدر ٹرمپ کو بخار، سینے میں درد اور کھانسی ہے ان میں کوویڈ 19 کی درمیانے درجے کی علامات بھی ظاہر ہوئی ہیں.

ہسپتال منتقلی کی وجہ سے صدر ٹرمپ کی انتخابی مہم کے تمام ایونٹس عارضی طور پر ملتوی یا ورچوئل کر دیے گئے ہیں جبکہ خاتون اول کے ایونٹس بھی ملتوی کر دیے گئے ہیں صدر کے معالج کا کہنا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو سینتھیٹک اینٹی باڈیز دی گئی ہیں. پولی کلونل اینٹی باڈی کاکٹیل کی8گرام ڈوز دی گئی ہے صدر ٹرمپ تھکاوٹ کا شکار ہیں انہیں وٹامن ڈی، ایسپرین، فیموٹائی ڈینfamotidine اور میلاٹونین melatonin بھی دی جارہی ہیں.

گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا تھا کہ ان کا اور اہلیہ میلانیا کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس کے بعد وائٹ ہاﺅس ہی میں ان کا علاج شروع کر دیا گیا تھا دوسری جانب امریکی سینیٹر مائیک لی بھی کورونا میں مبتلا ہوگئے ہیں تاہم نائب صدر مائیک پنس، انکی اہلیہ کیرین پنس، ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار جو بائیڈن، انکی اہلیہ جل بائیڈن اور اسپیکر نینسی پلوسی کے ٹیسٹ منفی آئے ہیں.

واضح رہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب دنیا میں 3 کروڑ 48 لاکھ 31 ہزار 44 افراد متاثر اور 10 لاکھ 33 ہزار 235 ہلاک ہوچکے ہیں کورونا سے متاثر 2 کروڑ 58 لاکھ 995 ہزار 323 افراد صحت یاب ہوئے اور ایکٹیو کیسز کی تعداد 79 لاکھ 2 ہزار 486 ہے. کورونا سے پہلی ہلاکت 11 جنوری2020 میں چین میں رپورٹ ہوئی 9 اپریل کو کورونا سے مجموعی اموات کی تعداد ایک لاکھ ہوگئی تھی کورونا سے پہلی ایک لاکھ اموات ابتدائی89 روز میں رپورٹ ہوئیں امریکہ کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے ممالک میں پہلے نمبر پر ہے جہاں 2 لاکھ 13 ہزار524 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں اور 75 لاکھ 49 ہزار سے زائد افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی.

بھارت کورونا کیسز کے اعتبار سے دنیا میں دوسرے نمبر پر ہے جہاں کیسز کی مجموعی تعداد 64 لاکھ 73 ہزار سے بڑھ گئی ہے بھارت میں کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 875 ہو گئی ہے برازیل کورونا سے متاثرہونے والے ممالک میں تیسرے نمبر پر ہے جہاں 48 لاکھ 82 ہزار افراد متاثر ہوئے اور ایک لاکھ 45 ہزار431 اموات ہوئی ہیں. روس میں 11 لاکھ 94 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں اور اموات کی مجموعی تعداد 21 ہزار 77 ہو گئی ہے کولمبیا کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے ممالک میں پانچویں نمبر پر ہے جہاں 26 ہزار 397 اموات ہوئی ہیں جبکہ 8 لاکھ 41 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں.

پیرو میں بھی 8 لاکھ 21 ہزار سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں جبکہ 32 ہزار 609 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں اسپین میں 8 لاکھ 10 ہزارسے زائد افراد متاثر ہیں اور 32 ہزار 86 اموات ہوئی ہیں. رواں سال 24 اپریل کو کورونا سے اموات کی تعداد2 لاکھ تک پہنچ گئی تھی اورایک سے2 لاکھ اموات کیلئے صرف 15دن کا وقت لگا 13مئی تک دنیا بھر میں 3 لاکھ اموات رجسٹرڈ ہوئیں اور 2سے3لاکھ اموات تک پہنچنے میں 19دن لگے.

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *