صدر ڈونالڈ ٹرمپ کا آن لائن صدارتی مباحثے میں شرکت پےاعترض

صدارتی مباحثوں کا انتظام کرنے والے کمیشن نے15اکتوبر کو دوسرے مباحثے کا اعلان کیا ہے

واشنگٹن(ملتان ٹی وی ایچ ڈی ۔09 اکتوبر ۔2020ء) صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ 15 اکتوبر کو ہونے والے ورچوئل صدارتی مباحثے میں حصہ نہیں لیں گے صدر ٹرمپ کا یہ بیان کرونا پازیٹو آنے کے بعد پہلے انٹرویو میں سامنے آیا ہے. کمیشن آن پریذیڈینشل ڈی بیٹس نے 15 اکتوبر کے مباحثے کے بارے میں آج ہی اعلان کیا کہ صدارتی امیدواروں کے درمیان دوسرا مباحثہ ورچوئل یعنی آن لائن ہو گا‘کمیشن نے بتایاکہ 15 اکتوبر کو ہونے والا مباحثہ ٹاﺅن ہال میٹنگ کی طرز پر ہو گا جس میں صدارتی امیدوار ہال میں آئے بغیر دور دراز مقامات سے اس میں حصہ لیں گے میڈیا ہاﺅس سی سپین کے سٹیو سکلی اب بھی میامی سے اس مباحثے کی میزبانی کے لیے تیار ہیں.

اپنے بیان میں کمیشن نے کہا کہ یہ فیصلہ سب کی صحت اور حفاظت کی غرض سے کیا گیا ہے تاہم اس فیصلے پر ٹرمپ کے حامیوں کی زبردست تنقید سامنے آئی ہے دوسری جانب، صدر کے ناقدین کا کہنا ہے کہ صدر مباحثے سے فرار چاہتے ہیں. امریکی نشریاتی ادارے فاکس نیوزسے انٹرویو میں صدر ٹرمپ کہا کہ وہ ورچوئل مباحثے میں حصہ نہیں لیں گے‘انہوں نے کہا کہ میں ورچوئل مباحثے میں اپنا وقت ضائع کرنے نہیں جا رہا صدر ٹرمپ نے کہا کہ کمیشن نے مباحثے کا سٹائل تبدیل کیا ہے جو کہ قابل قبول نہیں ہے انہوں نے پہلے مباحثے میں بھی اپنے مدِ مقابل سابق نائب صدر جو بائیڈن کو ہرایا تھا اور انہیں امید تھی کہ وہ دوسرے مباحثے میں بھی فتح حاصل کر لیتے.

دوسری طرف ریاست ڈیلاویئر میں صحافیوں سے گفتگو میں ڈیموکریٹ صدارتی امیدوارجو بائیڈن نے صدر ٹرمپ کے دعوی پر یہ کہتے ہوئے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ہم نہیں جانتے کہ صدر صاحب کیا کرنے جا رہے ہیں، کیونکہ وہ ہر لمحے اپنا ذہن تبدیل کرتے رہتے ہیں اس لئے اس موقع پر میری طرف سے کوئی بات کرنا غیر ذمہ دارانہ ہو گا انہوں نے کہا کہ وہ کمیشن کی سفاشات پر عمل کریں گے.

انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ مباحثے کے لیے کمپیوٹر کے سامنے بیٹھنے نہیں جا رہے ان کے الفاظ میں یہ مضحکہ خیز بات ہے انہوں نے کہاکہ وہ لوگ بائیڈن کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں اس کے کچھ ہی دیر بعد صدر ٹرمپ کی صدارتی مہم کے مینیجر بل سٹیپِئن نے کہا کہ یک طرفہ طور پر ذاتی طورپر موجودگی والے مباحثے کو منسوخ کرنا اچھی بات نہیں ہے انہوں نے کہا کہ کمیشن بائیڈن کو بچانے میں تیزی دکھا رہا ہے.

تاہم بائیڈن کی صدارتی مہم نے ضوابط کی تبدیلی کو بظاہر تسلیم کر لیا ہے جو بائیڈن کی صدارتی مہم کی ڈپٹی مینیجر کیٹ بیڈنگ فیلڈ کا ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ نائب صدر بائیڈن امریکی عوام سے براہ راست خطاب کرنے کی جانب دیکھ رہے ہیں تا کہ وہ عوام کو اپنے منصوبوں سے آگاہ کر سکیں بیڈنگ فیلڈ کا کہنا ہے کہ نائب صدر جو بائیڈن ورچوئل مباحثے میں ضرور حصہ لیں گے.

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *