محمد زبیر:گلاب جامن پسند نہیں مگرآرمی چیف کےکہنے پرکھانا پڑا

لاہور ( ملتان ٹی وی ایچ ڈی ۔ 13 اکتوبر2020ء) مشہور مقولہ ہے کہ ”بوٹیاں حال اور شوربہ حرام ہے“یہ جملہ موجودہ صورت حال میں مسلم ن کی سیاست پرتو فٹ بیٹھتا ہے۔ایک طرف ن لیگ کی قیادت عوام کو اسٹیبلشمنٹ کے خلاف بیان دیتی اور بلند بانگ دعوے کرتی نظر آتی ہے جبکہ دوسری طرف اعلیٰ قیادت کے نمائندگان چوری چھپے آرمی چیف سے ملتے اور ان کی فرمائش پر گلاب جامن کھاتے نظر آتے ہیں۔

اگر آپ کو پسند نہیں تو گلاب جامن نہیں کھانا چاہیے تھا مگر عوام کو اُلو بنانے سے تو ہر دو چند گریز کرنا چاہیے تھا۔ ان دنوں ن لیگ کے راہنما محمد زبیر کی آرمی چیف قمر جاوید باجوہ سے ملاقاتوں کے چرچے ہر طر ف ہیں۔باقی ساری بات چیت ایک طرف مگر آرمی چیف کی فرمائش پر محمد زبیر کو جو گلاب جامن کھانا پڑا وہ ابھی تک ن لیگ کے کارکنوں کے حلق سے نیچے اترتا دکھائی نہیں دیتا۔

آرمی چیف سے ملاقاتوں کی اندرونی کہانی محمد زبیر نے خود ایک انٹرویو میں بیان کی اور اپنی پسند کے خلاف گلاب جامن کھانے کا ماجرا بھی کہہ سنایا۔مسلم لیگ ن کے رہنما محمد زبیر نے آرمی چیف سے اپنی خفیہ ملاقات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ میں گلاب جامن شوق سے نہیں کھاتا مگر آرمی چیف کو نہ نہیں کہہ سکا تھا۔اپنے ایک انٹرویو کے دوران مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اور نائب صدر مریم نواز کے خصوصی ترجمان محمد زبیر نے اپنی آرمی چیف سے ملاقات سے متعلق مزید انکشافات کرتے ہوئے بتایا کہ ” میں گلاب جامن کا شیدائی نہیں ہوں مگر جب یہ آرمی چیف کی جانب سے پیش کیے گئے تو نہ نہیں کہہ سکا، وہ ایک معزز شخصیت ہیں،چیف آف آرمی سٹاف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پہلی ملاقات 4 گھنٹوں جبکہ دوسری تین گھنٹوں پر محیط تھی، کھانے سے متعلق سوال پر محمد زبیر نے کہا کہ” آرمی چیف جانتے ہیں میں پاکستانی کھانے پسند کرتا ہوں، میرے خیال میں انہوں نے اسی بات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہی کھانے کے انتظامات کروائے تھے“۔جب ان سے سوال کیا گیا کہ مریم نواز اور ان کے والد جنہوں نے گزشتہ مہینوں میں آرمی اور ملٹری اسٹیبلیشمنٹ کے خلاف محاذ قائم کیا ہے محمد زبیر کی آرمی چیف سے ملاقات پر وہ ناراض تو ہوئے ہوں گے؟محمد زبیر نے کہا انہیں میری فیصلہ سازی کی صلاحیت پر یقین ہے، وہ جانتے ہیں میں ہمیشہ وہی کروں گا جو پارٹی کے حق میں بہتر ہوگا۔

طویل انٹرویو کے دوران وفاقی وزیر اسد عمر کے بھائی محمد زبیر نے کہا کہ سیاست اس وقت جذباتی ہوجاتی ہے جب آپ کا بھائی آپ کی مخالف پارٹی کا نمائندہ ہو۔ انہوں نے ملک کی موجودہ معاشی صورتحال اور وزیراعظم عمران خان کی حکومت کی کارکردگی سے متعلق بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔واضح رہے کہ اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس سے مسلم لیگ ن کے قائد کی اسٹیبلشمنٹ مخالف تقریر کے بعد ترجمان پاک فوج نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ مسلم لیگ ن کے رہنما محمد زبیر نے آرمی چیف سے 2 بار ملاقاتیں کیں جن میں نواز شریف اور مریم نواز سے متعلق بات چیت ہوئی تھی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *