کرکٹر وزیر اعظم بن سکتا ہے تو اداکارہ کیوں نہیں؟ مہوش حیات

اسلام آباد (ملتان ٹی وی ایچ ڈی آن لائن) پاکستانی اداکارہ مہوش حیات نے سیاست میں آنے اور ملک کی وزیر اعظم بننے کی خواہش کا اظہار کردیا۔

نجی ٹی وی جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مہوش حیات کا کہنا تھا کہ وہ سیاست میں ضرور آئیں گی، وہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے طرزِ سیاست سے متاثر ہیں، یہ نہ صرف تبدیلی لائے بلکہ ایک نئی سوچ بھی لائے۔

انہوں نے کہا کہ وہ ملک کی وزیر اعظم بننا چاہتی ہیں، اگر ایک کرکٹر وزیر اعظم بن سکتا ہے تو ایک اداکارہ کیوں نہیں بن سکتی۔ ان سے جب یہ پوچھا گیا کہ کیا وہ عمران خان کے مقابلے میں آنا چاہتی ہیں؟ اس پر مہوش حیات نے کہا کہ وہ عمران خان کے مقابلے میں نہیں آئیں گی لیکن ان کی جگہ کسی کو تو لینی ہے، ان کی جگہ لینے والی وہ خود بھی ہوسکتی ہیں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ بچپن میں بہت شرمیلی تھیں لیکن آہستہ آہستہ اس پر قابو پایا، چیزوں کو غور سے دیکھتی رہتی ہیں، وہ یہ نہیں کرتیں کہ سین کرنے کے بعد کمرے میں جا کر بیٹھ جائیں بلکہ وہ چیزوں کو اور کام کو دیکھتی رہتی ہیں، وہ اس لیے بھی ایسا کرتی ہیں کیونکہ وہ مستقبل میں ڈائریکشن کا ارادہ رکھتی ہیں۔

مہوش حیات نے کہا کہ انہیں بھوت پریت سے ڈر نہیں لگتا لیکن یہ یقین ہے کہ وہ موجود ہیں، انہیں چھپکلی سے بھی ڈر نہیں لگتا لیکن اسے دیکھ کر گھن آتی ہے۔ انہیں اڑنے والے کاکروچ سے ڈر لگتا ہے، جب بھی وہ ایسا کوئی لال بیگ دیکھتی ہیں تو انہیں یہی خوف رہتا ہے کہ کہیں یہ میرے اوپر ہی آکر نہ بیٹھ جائے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ انڈسٹری میں ان کا کسی کے ساتھ کوئی مقابلہ نہیں ہے، ان کا مقابلہ اپنے آپ سے ہے، خود پر ہونے والی تنقید کا جواب بہترین کام کے ذریعے ہی دیا جاسکتا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *