کورونا وائرس کے کیس میں ڈونلڈ ٹرمپ کواسپتال منتقل کر دیا گیا

صدر ٹرمپ احتیاطی تدابیر کے طور پر آئندہ کچھ دنوں کے لیے میری لینڈ میں بیتھیسڈا کے والٹر ریڈ نیشنل ملٹری میڈیکل سنٹر میں منتقل ہوں گے: پریس سیکرٹری وائٹ ہاؤس

واشنگٹن (ملتان ٹی وی ایچ ڈی ۔ 03 اکتوبر 2020ء) کورونا وائرس کے شکار امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ صدر ٹرمپ احتیاطی تدابیر کے طور پر آئندہ کچھ دنوں کے لیے میری لینڈ میں بیتھیسڈا کے والٹر ریڈ نیشنل ملٹری میڈیکل سینٹر میں منتقل ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق جب سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے اس کے بعد سے ان کی طبیعت سے متعلق مثبت خبریں ہی سننے کو مل رہی ہیں، تاہم ابھی کچھ دیر قبل ایک تشویشناک خبر سامنے آئی ہے جس میں پریس سیکرٹری وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ملٹری اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔

امریکی صدر اور ان کی اہلیہ نے گزشتہ روز کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے خود کو قرنطینہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔

اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس کی اعلیٰ معاون خاتون ہِکس کے کورونا میں مبتلا ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے ایک ٹوئیٹ کیا تھا جس میں ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے بھی اپنا کورونا ٹیسٹ کروایا ہے جس کی رپورٹس آنا ابھی باقی ہیں۔

ہوپ ہِکس امریکی صدر کے کافی قریب رہی تھیں اور حال ہی میں ان کے ساتھ سفر بھی کر چکی تھیں۔ پہلے ٹوئیٹ کے کچھ ہی دیر بعد ان کی ٹیسٹ رپورٹس آ گئیں جس کے بعد انہوں نے دوسرے ٹوئیٹ میں بتایا کہ وہ اپنی اہلیہ سمیت کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔ واضح رہے کہ امریکی صدر عین اس وقت کورونا وائرس میں مبتلا ہو گئے ہیں جبکہ ملک بھر میں ان کی الیکشن کمپین بھرپور طریقے سے جاری تھی۔

آج سے صرف ایک ماہ بعد امریکہ میں صدارتی انتخابات ہونے جا رہے ہیں جس میں امریکی صدر ٹرمپ ریپبلیکن پارٹی کی امیدوار ہیں جبکہ جو بائیڈن ڈیموکریٹک پارٹی کی نمائندگی کر رہے ہیں، ان دنوں دونوں کی الیکشن کمپین اپنے عروج پر ہے۔ صدر ٹرمپ کے کورونا میں مبتلا ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر انتخابات کے حوالے سے قیاس آرائیاں جاری ہیں۔ صارفین کا کہنا ہے کہ امریکی صدر کے کورونا میں مبتلا ہونے کے بعد ان کی الیکشن مہم بری طرح متاثر ہو سکتی ہے تاہم کچھ صارفین نے یہ بھی خیال ظاہر کیا ہے کہ ناساز طبیعت کی وجہ سے ان کو ہمدردی کا ووٹ بھی ملے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *