بابراعظم کا آغاز ویرات کوہلی سے بہتر : محمد یوسف

پاکستانی وائٹ بال کپتان نے محنت سے اپنا مقام بنایا ہے جسکی وجہ سے وہ تینوں فارمیٹ کی رینکنگ میں ٹاپ 5 میں شامل ہیں: سابق کپتان

لاہور (ملتان ٹی وی ایچ ڈی۔ 21 اگست 2020ء) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز بیٹسمین محمد یوسف بھی وائٹ بال کپتان بابر اعظم کی صلاحیتوں کے متعرف ہوگئے۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق قومی ٹیم کے سابق کپتان محمد یوسف کا کہنا ہے کہ بابر اعظم کا آغاز بھارتی کپتان ویرات کوہلی سے بہتر ہے۔ 46 سالہ محمد یوسف نے کہا کہ بابر اعظم نے محنت سے اپنا مقام بنایا ہے جس کی وجہ سے وہ تینوں فارمیٹ کی رینکنگ میں ٹاپ فائیو میں شامل ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں آئی سی سی کی جانب سے ٹیسٹ کی نئی رینکنگ جاری کی گئی تھی جس میں بابر اعظم ایک درجہ ترقی کے ساتھ پانچویں نمبر پر آگئے ہیں۔ بابر اعظم تینوں فارمیٹ میں پانچویں پوزیشن حاصل کرنے والے پہلے کھلاڑی بھی بن گئے ہیں۔

یاد رہے کہ چند روز قبل ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق فاسٹ باﺅلر این بشپ کا کہنا تھا کہ پاکستان کے مڈل آرڈر بلے باز بابراعظم اور بھارت کے ویرات کوہلی کی تکنیک دیکھ کر سچن ٹنڈولکر کی یاد آتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سابق بھارتی کپتان تکنیکی طور پر سب سے بہتر بلے باز تھے، وہ سیدھا کھیلنے کی کوشش کرتے، اب مجھے یہی بات ویرات کوہلی اور بابر اعظم کی بیٹنگ میں نظر آتی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *