سعودی عرب کے شہر جدہ میں حملہ ، پاکستان کا شدید ردِعمل آ گیا

اسلام آباد ( ملتان ٹی وی ایچ ڈی۔- 12 نومبر 2020ء) پاکستان نے سعودی عرب کے شہر جدہ میں گذشتہ روز ہونے والے حملے کی شدید مذمت کی ہے جس میں متعدد افراد زخمی ہوئے تھے۔تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز سعودی عرب کے شہر جدہ میں غیر مسلموں کے قبرستان پر ہونے والے حملے پر پاکستان کا ردعمل آ گیا ہے ۔ پاکستان نے سعودی عرب کے شہر جدہ میں قبرستان پر ہونے والے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ کا کہنا ہے کہ جدہ قبرستان میں ہونے والے حملے میں متعدد افراد زخمی ہوئے۔اس طرح کے حملے اور انتہا پسندی قابل مذمت ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کی حکومت اور عوام سعودی عرب کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔ سعودی عرب کی جانب سے جانیں بچانے کے لیے بر وقت اقدام قابل تحسین ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی جانب سے اپنی سلامتی کے لیے کیے گئے اقدامات کی حمایت کرتا ہے۔
خیال رہے کہ بدھ کو پہلی عالمی جنگ کے خاتمے کی یاد میں یہ تقریب سعودی شہر جدہ میں ہو رہی تھی جب یہ دیسی ساخت کا بارودی مواد پھٹا۔ بارودی مواد پھٹنے کا یہ واقعہ جدہ میں واقع غیر مسلموں کے قبرستان میں رونما ہوا۔ اس موقع پر منقدہ تقریب میں فرانس سمیت کئی دیگر ممالک کے سفارت کار اور قونصل خانے کے عملے کے ارکان موجود تھے۔اس موقع پر فرانسیسی کے علاوہ امریکی، برطانوی، اطالوی اور یونانی سفارت خانوں کے اہلکار موجود تھے۔ ان پانچوں ممالک کے مشرکہ بیان میں کہا گیا کہ بے گناہ اور معصوم افراد پر اس طرح کے حملوں کو کوئی جواز نہیں بنتا، یہ انتہائی شرمناک حرکت ہے۔ ‘ فرانسیسی بیان میں کہا گیا کہ فرانس اس بزدلانہ اور بلاجواز حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *