وزیراعلیٰ عثمان بزداراور ن لیگی اراکین کی ایک اور ملاقات

اداروں کو متنازعہ بنانے کی کوشش کرنے والے دشمن کے ایجنڈے پر چل رہے ہیں ، وزیراعلیٰ پنجاب کی گفتگو

لاہور (ملتان ٹی وی ایچ ڈی۔ 06 اکتوبر2020ء) مسلم لیگ ن کے اراکین پنجاب اسمبلی نے وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار سے ایک اور ملاقات کی ہے ۔ اس حوالے سے تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے مسلم لیگ ن کے رکن صوبائی اسمبلی اشرف انصاری اور یونس انصاری کی ملاقات ہوئی ہے ، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور ، گوجرانوالہ کے مسائل کے حل اور دیگر معاملات پر بات چیت کی گئی ۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اداروں کے خلاف باتیں کرنے والے ملک و قوم سے مخلص نہیں، کیوں کہ اداروں کو متنازعہ بنانے کی کوشش کرنے والے دشمن کے ایجنڈے پر چل رہے ہیں ، جب کہ ذاتی مفادات کی خاطر اداروں کو متنازعہ بنانا کسی بھی طور درست نہیں ۔ سردار عثمان بزدار نے کہا کہ منتخب نمائندوں کے مسائل حل کرنا میری ذمہ داری ہے ۔

یاد رہے کہ چند روز قبل بھی وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے مسلم لیگ ن کے ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی تھی ، ملاقات کرنے والوں میں شیخوپورہ سے میاں جلیل احمد شرقپوری اور چوہدری اشرف علی انصاری شامل ہیں ، جبکہ نارووال سے ن لیگی رکن صوبائی اسمبلی محمد غیاث الدین ، خانیوال سے محمد فیصل خان نیازی ، چوہدری اشرف انصاری کے بھائی چوہدری محمد یونس انصاری بھی وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں کا حصہ تھے ۔

بتایا گیا ہے کہ ارکان صوبائی اسمبلی نے اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو اپنے انتخابی حلقوں کے مسائل سے آگاہ کیا ، جس پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اراکین اسمبلی کو مسائل ترجیحی بنیادوں پرحل کرنے کی یقین دہانی کروائی ۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ میرے دروازے سب کے لیے کھلے ہیں ، اراکین اسمبلی کے جائز مسائل فوری حل کیے جائیں گے ، کیونکہ اراکین پنجاب اسمبلی میرے دست و باؤز ہیں ، لہٰذا انہیں عزت و احترام دیں گے ، جبکہ نئے پاکستان میں کرپشن اور کرپٹ عناصر کی کوئی گنجائش نہیں ، تنقید کی پرواہ کیے بغیر عوامی خدمت کے سفر کومزید تیزی سے آگے بڑھائیں گے ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *