عبدالرزاق نے نئے کوچ کی میابیوں کا سفر شروع کردیا

نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں بلوچستان کو شکست دینا اس نئے رول میں میری پہلی کامیابی ہے :سابق آل راؤنڈر

لاہور (ملتان ٹی وی ایچ ڈی ۔ 3 اکتوبر 2020ء ) بطور کرکٹر نام کمانے والے عبدالرزاق نے کوچ کی حیثیت سے بھی پہلی فتح اپنے نام کرلی۔ اپنی اس پہلی کامیابی کو سابق کرکٹر عبد الرزاق نے ٹیم ورک کا نتیجہ قرار دے دیا۔ اپنے وقت کے کامیاب ترین آل راؤنڈر کے مطابق نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں بلوچستان کو شکست دینا اس نئے رول میں میری پہلی کامیابی ہے، کوچ کی حیثیت سے بینچ پر بیٹھنا مختلف تجربہ ہے، جس کو بہت انجوائے کرنے کے ساتھ اپنے تجربے سے نوجوانوں کو فائدہ پہنچانے کی کوشش کررہا ہوں۔

40 سالہ سابق آل راؤنڈر نے کہا کہ ایونٹ کی فیورٹ ٹیموں میں ہونے کی وجہ سے ہم پر پریشر ہے، تمام لڑکے توقعات پر پورا اترنے کے لیے سخت محنت کررہے ہیں۔اچھی ٹیم وہی ہوتی جو پریشر سے نکلنا جانتی ہو، ٹی ٹونٹی فارمیٹ میں کسی بھی ٹیم کے بارے میں پیش گوئی نہیں کی جاسکتی، میچ والے دن کمبی نیشن اور پرفارمنس پر جیت کا انحصار ہوتا ہے۔

عبدالرزاق کا کہنا تھا کہ کامیابی کے لیے ہر میچ میں بہتر کارکردگی دکھانے والی ٹیم ہی سرخرو ہوتی ہے۔

یقین ہے کہ فتوحات کا یہ سفر جاری رکھتے ہوئے پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ میں جگہ پائیں گے، پاکستان کی ٹیم کو اچھے اور بہترین کھلاڑی دینا میرا ہدف ہے۔ یاد رہے کہ نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے پانچویں میچ میں خیبرپختونخوا نے بلوچستان کو 8 وکٹوں سے باآسانی شکست دیدی۔ خیبرپختونخوا نے 153 رنز کا ہدف 16.5 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ خیبرپختونخوا کے اوپنرز محمد رضوان اور فخر زمان نے کریز سنبھالتے ہی جارحانہ بیٹنگ کا آغاز کیاتاہم بائیں ہاتھ کے اوپنر5 چوکوں کی مدد سے 25 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، جس کے بعدمحمد رضوان نے تجربہ کار بیٹسمین محمد حفیظ کے ساتھ مل کر رنز بنانے کی رفتار مزید تیز کردی۔

دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 66 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ 180 کے سٹرائیک ریٹ سے رنز بنانے والے محمد حفیظ میچ میں نصف سنچری بنانے میں ناکام رہے۔ وہ 25 گیندوں پر 5 چوکوں اور 3 چھکوں کی بدولت 45 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔کپتان محمد رضوان نے 5 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 56رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ افتخار احمد 16 گیندوں پر 30 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

بلوچستان کے عماد بٹ اور عاکف جاوید نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل بلوچستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو مڈل آرڈر بیٹسمین عمران بٹ کے علاوہ ان کا کوئی بھی بیٹسمین شاہین شاہ آفریدی کی تیزرفتار باؤلنگ کے سامنے زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکا اور وقفے وقفے سے آؤٹ ہوکر پویلین واپس لوٹتے رہے۔ شاہین شاہ آفریدی نے 20 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا۔ بلوچستان کی ٹیم مقررہ بیس اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 152 رنز ہی بناسکی۔ عمران بٹ 37 رنز بناکر سب سے نمایاں بیٹسمین رہے۔مین آف دی میچ کا ایوارڈ جیتنے والے خیبرپختونخوا کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ وہ ٹی ٹونٹی میچ میں پانچ وکٹیں حاصل کرنے پر خوش ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *