فیصل آباد کے ایک جوڑے نےسوشل میڈیا پرایک نیا رجحان شروع کیا

ایک جیسے کپڑے اور ڈیزائین میاں بیوی کی انوکھی محبت

لاہور(ملتان ٹی وی ایچ ڈی ۔ 09 اکتوبر2020ء) واہ کیا کہنے آنٹی انکل کے جنہوں نے ایک جیسے رنگ اور ڈیزائین کے کپڑے پہن کر ثابت کر دیا کہ میاں بیوی کی محبت کتنی لازوال اور خوبصورت ہوتی ہے۔سوشل میڈیا تو ویسے بھی کسی کے پیچھے پڑ جائے تو اس کی جان نہیں چھوڑتا اور اگر بات ہو کپل آف فیصل آباد کی تو یہ میاں بیوی آج کل سوشل میڈیا کے ٹاپ ٹرینڈ بن چکے ہوئے ہیں۔

جڑواں بچوں اور بچیوں کے حوالے سے تو سب جانتے ہیں لیکن آج کل سوشل میڈیا پر جڑواں میاں بیوی کا چرچا بہت زیادہ ہورہا ہے جس پر لوگ بہت دلچسپ کمنٹس بھی کررہے ہیں۔یہ ہیں فیصل آباد کے رہائشی مسٹر اینڈ مسز ناصر جنہیں کپل آف فیصل آباد کہا جاتا ہے، ان کی شہرت کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ دونوں ایک جیسے رنگ اور ڈیزائن کے کپڑے پہنتے ہیں جنہیں دیکھ کر لوگ خوشگوار حیرت کا اظہار کرتے ہیں۔

ان میاں بیوی کی محبت کا عالم یہ ہے کہ شادی کے ایک سال بعد ہی انہوں نے فیصلہ کرلیا تھا کہ دونوں ایک جیسے رنگ اور ڈیزائن کے کپڑے زیب تن کریں گے۔انہوں نے بتایا کہ ان کی شادی کو 38سال کا عرصہ گزر چکا ہے، تین بیٹے ہیں اور ہم ایک خوشگوار ازدواجی زندگی گزار رہے ہیں اور ہمارا مقصد محبت کو فروغ دینا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کپڑوں کا کلر اور ڈیزائن ہم دونوں مل کے پسند کرتے ہیں اور مشورے کے بعد ہی لباس تیار کرایا جاتا ہے۔

ایک جیسے کپڑے پہن کر ہمیں کتنی خوشی ہوتی ہے یہ تو صرف ہم جانتے ہیں ۔ہم نے ساری زندگی ایک جیسے کپڑے پہننے کا اصول بنائے رکھااور آج تک اس پر کاربند ہیں۔اپنے خاندان اور  محلے میں تو لوگ ان کی مثالیں دیتے ہی ہیں تاہم اب سوشل میڈیا کے ذریعے ان دونوں میاں بیویکی جوڑی کو بھرپور سراہا جا رہا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *