یو بی جی قومی سطح پر قومی اقتصادی ترقی کے لئے کاروباری برادری کی شراکت کو یقینی بنائے گی: افتخار علی ملک

(ملتان ٹی وی ایچ ڈی۔ 20 نومبر 2020ء)یونائیٹڈ بزنس گروپ کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے یو بی جی لیڈرز نے بزنس مین پینل گروپ کے غیر قانونی ، غیر جمہوری اور غیر اخلاقی ہتھکنڈوں کو مسترد کر دیا ہے۔ چیئرمین یونائیٹڈ بزنس گروپ افتخار علی ملک نے سیالکوٹ میں کاروباری کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی صنعتکار و تاجر برادری کو اچھی طرح علم ہے کہ ہم نے کس ہمت اور بلند اخلاقی جرات سے بزنس کمیونٹی کی خدمت کی ہے سارک کے 8 ممالک میں مقام بنایا سارک کا ہیڈکوارٹر پاکستان لے کر آئے۔
تقریب سے ایس ایم منیر ،ایف پی سی سی آئی میں یو بی جی کی جانب سے صدارتی امیدوار خالد تواب، امیدوار برائے سینئر نائب صدر عبدالروف مختار ،ڈاکٹر نعمان بٹ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

یو بی جی قومی سطح پر قومی اقتصادی ترقی کے لئے کاروباری برادری کی شراکت کو یقینی بنائے گی: افتخار علی ملک


افتخار علی ملک نے کہا کہ میں نے پہلا وویمن چیمبر بنایا ، فیڈریشن میں وویمن سیٹ دلوائی اب چاروں صوبوں میں بھی الگ الگ وویمن سیٹ کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ فیڈریشن کے انتخابات بزنس کمیونٹی کی بصیرت کا امتحان ہیں،یو بی جی نے بہترین اور سچے امیدوارنامزد کئے ہیں جن کا ماضی ان کی خدمات کا گواہ ہے ،ہم نے عمارتیں بنوائیں ، بزنس کمیونٹی کا ہاتھ پکڑ کر ادارے بنائے اور چلائے ۔
سرپرست اعلی یونائیٹڈ بزنس گروپ ایس ایم منیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بزنس کمیونٹی یونائیٹڈ بزنس گروپ پر مکمل اعتماد کرتی ہے ، فیڈریشن میں برسراقتدار بزنس مین پینل کی قیادت نے بزنس کمیونٹی کا اعتماد کھو دیا ہے اور اپنے غیر جمہوری ہتھکنڈوں سے بزنس کمیونٹی کا وقار متاثر کیا ہے،ہم بزنس مین پینل کی ہر سازش کا مقابلہ کر رہے ہیں اوربزنس کمیونٹی کے سامنے ٹولے کے عزائم بے نقاب ہو چکے ہیں، آئندہ انتخابات میں یو بی جی کے امیدوار انہیں بھاری اکثریت سے شکست فاش دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ خالد تواب اور عبدالرئوف مختار سمیت تمام نائب صدور بہترین امیدوار ہیں اور بزنس کمیونٹی جانتی ہے کہ صالح اور قابل قیادت ہی ان کے کام آ سکتی ہے،ہم نے پوری زندگی بزنس کمیونٹی کی خدمت کی اور ان کے کام کئے ہیں اور اقتدار میں ہوں یا نہ ہوں ہم سب دوستوں سے ای میل اور واٹس ایپ کے ذریعے رابطہ میں رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معاشی ترقی میرا خواب ہے اور اب وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے معاشی ترقی کے مشن کی تکمیل کے لئے بھرپور ساتھ دینا چاہتے ہیں، ٹیکسٹائل سیکٹر کا دوبارہ ابھرنا اچھا اشارہ ہے اور اب اس جانب تیزی سے آگے بڑھنے کے مواقع دکھائی دے رہے ہیں اس موقع پر صدارتی امیدوار خالد تواب نے کہا کہ بطور صوبائی وزیر سندھ بھی خدمت کی حکومت نے ملکی بزنس کمیونٹی کی خدمات کے اعتراف میں ستارہ امتیاز سے نوازا دو یونیورسٹیوں نے پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری عطا کی ہے اور موزمبیق کا اعزازی قونصلیٹ بھی ہوں، اس سے قبل بطور سینئر نائب صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری خدمات انجام دی ہیں، فیڈریشن کے جملہ امور کا تجربہ بھی حاصل ہے جبکہ پورے ملک کی بزنس کمیونٹی سے رابطہ ہے، فیڈریشن کے ووٹرز ووٹ کی اہمیت کے پیش نظرفیڈریشن الیکشن میں30دسمبر کو ووٹ کاسٹ کریں۔
امیدوار برائے سینئر نائب صدر عبدالرئوف مختار نے کہا کہ آج پاکستان معاشی ترقی کے دوراہے پر کھڑا ہے اور معاشی استحکام کے لئے بزنس کمیونٹی کو ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ بطور ریجنل چیئرمین فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری پنجاب کامیابی سے خدمات انجام دے چکا ہوں انہوں نے کہا کہ شعبہ زراعت کے فعال کردار اور صنعت و تجارت کے شعبہ کو فروغ دینے کے لئے سنجیدہ کوششیں کر رہے ہیں، گندم کے حالیہ بحران سے نکلنے کے لئے حکومت اور فلور ملز کے درمیان مضبوط و مربوط پل کا کردار ادا کیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *