بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں ایک اور کشمیری نوجوان شہید

(ملتان ٹی وی ایچ ڈی 30ستمبر2021)کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض بھارتی فوج نے جنت نظیر وادی کے ضلع شوپیاں میں نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران ایک مکان پر اندھا دھند فائرنگ کرکے نوجوان کو شہید کردیا۔ شہید نوجوان کی شناخت تاحال ظاہر نہیں کی گئی۔

بھارتی فوج نے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے شہید نوجوان کی لاش لواحقین کے حوالے کرنے سے انکار کردیا۔ غم زدہ والدین اپنے بیٹے کی لاش کی وصولی کے لیے فوجی چوک پوسٹوں اور تھانوں میں دھکے کھانے پر مجبور ہیں۔
گزشتہ چند روز سے جارحیت پسند بھارتی فوج نے کشمیریوں کی آواز کو دبانے کے لیے سرچ آپریشن میں تیزی کردی ہے جس کے دوران صرف 8 دنوں میں شہید ہونے والے نوجوانوں کی تعداد 10 ہوگئی جنھیں شوپیاں، بارہ مولا اور کلگام میں شہید کیا گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ 14 کشمیری نوجوان شہید ہوئے جن میں سے 5 کو ماورائے عدالت قتل کیا گیا جب کہ بھارتی فوج کی مظاہرین پر پیلٹ گن کے استعمال، آنسو گیس کی شیلنگ اور ہوائی فائرنگ سے 32 افراد شدید زخمی ہوئے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *